کراچی (نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے پہلے مرحلے پر کام تیز کردیا گیا ہے،عوام کی حفاظت اور سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر سندھ سیف سٹیز اتھارٹیز آصف اعجاز شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ پروجیکٹ پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ کئی سنگ میل حاصل کیے جا چکے ہیں۔ایکسپو سینٹر اور اردگرد سمیت کئی اہم علاقے اب سخت نگرانی میں ہیں، 300 پول سائٹس میں سے 157 کامیابی سے نصب کردیے گئے ہیں اور 20 پولز نے کام شروع کردیا ہے۔ مزید برآں 100 کیمرے بھی سی پی او کنٹرول روم اور سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز سے مانیٹر کیے جا رہے ہیں۔پانچ ایمرجنسی ریسپانس وہیکلز تیار کرکے تعینات کردی گئی ہیں جبکہ کمانڈ سنٹر میں آلات کی تنصیب کا کام جاری ہے۔سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی مانیٹرنگ روم بھی قائم کردیا گیا ہےوزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایات کے مطابق آئیڈیاز 2024 کی سخت سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔اہم مقامات کے گرد تمام پولز کو متحرک کیا گیا ہے۔ شاہراہ فیصل، ایکسپو سینٹر، ایئرپورٹ اور سوک سینٹر کے اطراف سخت نگرانی کا آغاز کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے میں پیش رفت کی تعریف کی اور واضح کیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل اہم ہے تاکہ کراچی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ میں اضافہ کیا جاسکے۔