اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے دوسرے ناکارہ طیارہ کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سےسول ایویشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ حیدرآباد منتقل کرنے کے حوالے سے این او سی جاری کر دیا ہے۔ناکارہ طیارہ بردار ٹریلر کل بدھ کو صبح چار بجے کراچی سے حیدرآباد براستہ نیشنل ہائی وے روانہ ہوگا۔پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق دوسرے ناکارہ ہوائی جہاز کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ حیدرآباد کل بدھ کو منتقل کیا جائے گا،40 ٹن وزنی ایم ڈی 83 طیارہ 20 نومبر کو کراچی سے حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔اس حوالے سے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے این او سی منگل کو جاری کر دیا ہے۔ناکارہ طیارے کو لے جانے والا ٹریلر نیشنل ہائی وے سے ہوتا ہوا ٹیل ٹائون، بن قاسم ٹائون، گھارو، ٹھٹھہ، حیدرآباد بدین روڈ اور سرمست روڈ سے ہوتا ہوا حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (سی اے ٹی آئی) تک پہنچے گا۔یہ MD-83 طیارہ جس کی لمبائی 150 فٹ ہے اور اس میں 172 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، 2011 سے غیر فعال ہے۔ یہ طیارہ پہلے اے ایم سی ایئر لائنز کے بیڑے کا حصہ تھا اور اس کی قابل ذکر تاریخ ہے۔ سعودی عرب کے شہر تبوک سے کوئٹہ جانے والی چارٹرڈ پرواز کے دوران کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ میں ملوث تھا۔ ایمرجنسی لینڈنگ فرنٹ/نوز لینڈنگ گیئر کی عدم تعیناتی کی وجہ سے ہوئی ،مشکل حالات کے باوجود حادثے کے دوران جہاز میں سوار تمام 74 مسافر محفوظ رہےہوائی جہاز کو تربیتی مقاصد کے لیے سی اے ٹی آئی حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے جہاں یہ ہوا بازی کی تربیت کے معیار کو بڑھانے کے لیے ایک عملی وسیلہ کے طور پر کام کرے گا۔