امپھال(مانیٹرنگ ڈیسک ):بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پورمیں کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ اوکرم ایبوبی سنگھ نے خبردار کیا کہ ریاست میں جاری بحران کو حل نہ کیاگیاتو حکمران جماعت بی جے پی اور حزب اختلاف کے ارکان اسمبلی اجتماعی استعفیٰ دے سکتے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایبوبی سنگھ نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے حالات کو معمول پر لانے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مزید تاخیر ارکان اسمبلی کو اجتماعی طور پر استعفیٰ دینے پر مجبور کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ناقابل برداشت ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اپوزیشن اور حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی اجتماعی استعفیٰ دینے پر مجبور ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ منی پور کے لوگ صدر راج کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ اس سے تنائو مزید بڑھے گا۔انہوں نے کہاکہ منی پور کے عوام آمرانہ اقدامات نہیں بلکہ بامعنی کارروائی اور مسئلے کا حل چاہتے ہیں ۔یہ انتباہ ریاست میں بڑھتے ہوئے تشدد اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے بعد سامنے آیاہے جہاں بدامنی کے تازہ واقعات نے بی جے پی کی زیرقیادت حکومت کو درپیش چیلنجوں میں اضافہ کردیا ہے۔