اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک )کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے شیخ عبدالحمید اور شہدائے عالی کدل کو ان کے 32یومشہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں اسلام آباد میںایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی جس میں تحریک آزادی کے لئے شیخ عبدالحمید اورشہدائے عالی کدل کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہاکہ تحریک آزادی کے لئے شیخ عبدالحمید کی خدمات کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ شیخ عبدالحمید نے جدوجہد آزادی میں ایک نئی روح پھونکی اور شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہداء نے اپنا آج کشمیریوں کے کل پر قربان کیا۔ مقررین نے کہاکہ کشمیری عوام شیخ عبدالحمید،شہدائے عالی کدل اور تمام شہدائے کشمیر کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔اس موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سابق کنونیر محمد فاروق رحمانی کی بھابی کے بلند درجات کے لیے بھی دعا کی گئی جو گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں وفات پا گئیں۔ شرکاء نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ محمد فاروق رحمانی،محمود احمد ساغر ،سید فیض نقشبندی،ایڈووکیٹ پرویز احمد، سید یوسف نسیم ، مشتاق احمد بٹ،امتیاز وانی،جاوید اقبال بٹ،نثار مرزا، راجہ خادم حسین، حاجی سلطان بٹ، سید گلشن احمد،عدیل مشتاق وانی، ،شیخ عبد الماجداورشوکت حسین بٹ نے بھی شرکت کی ۔