نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک ):بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں سموگ کی سطح عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ حد سے 65گنا تک بڑھ گئی ہے جس کے بعد تعلیمی اداروں کو صرف آن لائن کلاسز کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی میں ہوا کی کوالٹی "شدید” زمرے کی بالائی حد کو پار کرتے ہوئے حالیہ عرصے میں ریکارڈ کردہ بدترین سطح تک پہنچ گئی ہے۔پیر کی صبح نئی دلی میں پی ایم 2.5انڈیکس 907مائیکروگرام فی کیوبک میٹر تک پہنچ گیاجبکہ بعض علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح 980 تک بھی ریکار ڈ کی گئی۔ آئی کیو ایئر کے آلودگی مانیٹر کے مطابق 24گھنٹے کے دوران یہ انڈیکس 15 سے اوپر غیر صحت بخش سمجھا جاتا ہے۔بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ایئر کوالٹی انڈیکس کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی دلی میں ریکارڈ کی گئی فضائی آلودگی کی سطح سے لاکھوں افراد کی صحت کو خطرہ لاحق ہے ۔شدید زمرے کی بالائی حد کو عبور کرنے والی فضائی آلودگی کی سطح کی وجہ سے پیدا ہونے والے زہریلے دھوئیں اور دھند نے شہر میں حد نگا ہ 150میٹر تک کم ہو گئی ہے ، جس سے پروازیں اور ٹرین سروسز متاثر ہوئی ہیں۔