اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں باہمی تعاون اور میرٹ کی فضا کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دفتری امور کی بہتر انجام دہی کے لیے ڈیجٹلائزیشن کو اپنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں یونیورسٹی کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے افسران پر زور دیا کہ خود احتسابی کے پہلو پر کام کرتے ہوئے ہر افسر کو نظم و ضبط کے اطلاق کا اعادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں گھٹن کی فضا کی بجائے تعمیری بحث و مکالمہ ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران اور انتظامیہ کے مابین کوئی خلیج نہیں ہونی چاہیے اور نہ اس جامعہ میں نظر آئے گی۔ ریکٹر جامعہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ بجائے کسی گروپنگ یا پریشر گروپ کا حصہ بننے کے اپنے کام کو تندہی سے انجام دیں جبکہ میرٹ اور ان کے حق کے بابت جملہ اقدامات کو حالیہ انتطامیہ بخوبی دیکھے گی اور ان کے حل کو یقینی بنائے گی۔ ڈاکٹر مختار نے اسلامی ممالک کی جامعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ انبیاء کی میراث کے مرکز ہیں جو مسلمانوں کی کھوئی ہوئی علمی شان و شوکت کی امین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کی ترقی کی رفتار کے ساتھ چلنا ہے تو اس کا واحد راستہ جامعات کا تعمیری کردار ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلجمعی سے کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ محنت اور لگن ان کی قیادت میں اولین ترجیحات میں رہے گی۔یونیورسٹی میں اصلاحات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امور کی بروقت اور جلد تکمیل کے لیے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ سسٹم کے ذریعے عمل کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ہاسٹل کے انتظام کو بہتر بنایا جائے گا تاہم کسی بھی قسم کی سیاست کی جامعہ میں کوئی جگہ نہ ہوگی۔خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر مختار نے افسران پر زور دیا کہ وہ ایک روشن اور زیادہ متحد مستقبل کے لیے مل کر کام کریں۔قبل ازیں یونیورسٹی کے قائم مقام صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سیّد نے مثبت ادارہ جاتی میراث کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے جداگانہ و ممتاز تشخص کی بحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر نائب صدر انتظامی و مالیاتی امور پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن، انچارج فیمیل کیمپس ڈاکٹر آمنہ محمود اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔