اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزارت مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2025کےلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا ہے، حج درخواستوں کی وصولی 3 دسمبرتک جاری رہے گی جبکہ قرعہ اندازی 6 دسمبرکو ہوگی۔وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی 18 نومبر سے شروع کردی گئی جو 3 دسمبر2024 تک جاری رہے گی جبکہ حج کی قرعہ اندازی 6 دسمبرکو ہوگی۔ریگولر سکیم میں پہلی بار حج درخواست دینے والے افراد کو قرعہ اندازی میں ترجیح دی جائے گی، سپانسر شپ سکیم کے لیے 5 ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں۔سمندر پار پاکستانی اپنے یا اپنے پیاروں کیلئے ”پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر سپانسر شپ سکیم کے ذریعے کسی نامزد بینک میں ڈالرز میں رقم بھجوا سکیں گے۔ 6 دسمبر، 2025 تک کار آمد پاکستانی پاسپورٹ اور 12 فروری 2013 سے پہلے پیدا ہونے والے مسلمان درخواست دینے کے اہل ہیں۔سعودی ہدایات کے مطابق حج پر روانگی مطلوبہ جسمانی صحت سے مشروط ہے جبکہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج فارم کا حصہ ہے۔بیرون ملک مقیم درخواست گزار میڈیکل سرٹیفکیٹ ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کر کے مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ بینک میں بھجوائیں۔ایک گروپ کے تمام افراد کیلئے یکساں حج پیکیج (لانگ یا شارٹ) منتخب کرنالازم ہے۔قرعہ اندازی کے بعد پیکج میں تبدیلی قابل قبول نہ ہو گی۔بنیادی حج پیکج میں محرم رشتہ داروں پر مشتمل 4 تا 6 افراد کے فیملی روم کی سہولت موجود ہوگی۔ حج درخواست فارم میں فیملی کا انتخاب کرناہو گا۔اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی رو سے خواتین حلف نامہ دینے پر قابل اعتماد خواتین کے گروپ کے ساتھ بغیر محرم حج درخواست دے سکتی ہیں۔پاکستانی پاسپورٹ (یاٹو کن)، شناختی کارڈ، ب فارم کی فوٹو کاپیاں اور نیلے پس منظر والی پاسپورٹ سائز تصویر کے ساتھ بنک سے رابطہ کریں۔فارم جمع کرواتے وقت تفصیلی شرائط و ضوابط بغور پڑھ لیں۔ درخواست پر اسیس کر واکر کمپیوٹرائزڈر سید اور حج درخواست نمبر ضرور حاصل کریں۔درخواست گزار وزارت کی ویب سائٹ، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا اکاونٹس ضرور فالو کریں تا کہ تمام معلومات ہر وقت دستیاب ہو سکیں۔ریگولر حج سکیم کے درخواست گزار گھر بیٹھے وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن حج درخواست اور واجبات جمع کروا سکتے ہیں۔درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ سے قبل رقم واپس لینے کی صورت میں کوئی کٹوتی نہیں ہو گی تاہم قرعہ اندازی کے دس دن کے اندر دوسری قسط جمع نہ کرانے کی صورت میں 50 ہزار روپے کٹوتی ہو گی جبکہ 10 فروری تک تیسری قسط جمع نہ کرانے کی صورت میں 2 لاکھ روپے کٹوتی ہو گی۔ 10 فروری کے بعد حج پر روانہ نہ ہونے کی صور ت میں خرچ شدہ رقم کی کٹوتی کے بعد بقیہ رقم واپس کی جائے گی۔ درخواست گزار کے فوت ہوجانے کی صورت میں رقم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔وزارت مذہبی امور نے درخواست گزاروں کی رہنمائی کےلئے حج ہیلپ لائن بھی قائم کردی ہے۔درخواست گزار لینڈ لائن نمبر9216980-9216981-9216982-9205696-051پر رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ وزارت مذہبی امورکے آفیشل میڈیا ایکس،فیس بک، یوٹیوب سے بھی تازہ ترین معلومات اور رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ عازمین حج کو جو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی ان میں حج تربیت، ویکسی نیشن ،طبی سہولیات، دو طرفہ ہوائی ٹکٹ ،مکۃ المکرمہ اور المدینہ منورہ میں شیئر نگ رہائش( 4 تا 6 محرم رشتہ داروں کا فیملی روم)،ٹرانسپورٹ ،مکتب،خوراک،5 لیٹر زمزم ،لائف انشورنس (تکافل) ،لانگ پیکیج (42-38 دن ) یا شارٹ پیکیج (25-20 دن کا انتخاب ) شامل ہیں ۔بنیادی ریگولر حج پیکیج 1,075,000 : -/1,175,000 کے درمیان متوقع ہے ریگولر حج سکیم کی پہلی قسط کی ر قم مبلغ 2لاکھ روپے حج درخواست فارم کے ساتھ جمع ہوگی،دوسری قسط مع اختیاری خراجات (اگر ہوں ) مبلغ 4 لاکھ روپے قرعہ اندازی کے 10دن کے اندر جمع کرانا ہوں گے ،تیسری قسط بقیہ رقم پرمشتمل ہوگی جو 10 فروری تک لازمی جمع کرانا ہوگی۔سپانسر شپ حج سکیم کے تحت4225 ڈالرنامزد بینک کے فارن اکاونٹ میں بیرون ملک سے امریکی ڈالر زمیں یکمشت بھجوانا ہوگی،ادائیگی کے شیڈول پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ضابطہ کے مطابق درخواست کی منسوخی اوررقم کی کٹوتی لاگو ہوگی۔اختیاری سہولیات میں بنیادی حج پیکیج کے علاوہ ہر درخواست گزار پر مندرجہ ذیل اضافی اخراجات لاگو ہیں، جن میں مکہ میں رہائش کی کیٹگری(الگ کمرہ بشرط دستیابی)،2 بیڈز کےلئے 2 لاکھ 59 ہزار روپے یا 930 ڈالر ، تین بیڈز کی صورت میں 86 ہزار500 روپے یا 310 ڈالر جبکہ قربانی کے اضافی 55 ہزار500 روپے یا 200 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔