کراچی(نمائندہ خصوصی )دارالعلوم میمن نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے نیو میمن مسجد، بولٹن مارکیٹ، کراچی میں شریعہ ایکسپرٹس ان اسلامک بینکنگ پروگرام کے تحت ایک کامیاب سیشن کا انعقاد کیا۔ یہ اہم ایونٹ شریعہ اسکالرز کو اسلامی فنانس کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنے اور انہیں پاکستان کے اسلامی بینکنگ اور فنانس سیکٹر میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔ مکرمہ بینک کے مفتی حافظ شمس الزمان نے سیشن میں بنیادی اسلامی بینکنگ اور فنانس کے موضوع پر تفصیل سے گفتگو کی۔ اسی طرح، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندے سید محمد نعمان نے اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ایک مضبوط اور شریعت کے مطابق مالیاتی نظام کی تشکیل میں اس پروگرام کی اہمیت کو بیان کیا۔سیشن کے دوران شامل ہونے والے اسکالرز کا ٹیسٹ بھی لیا گیا جس میں کامیاب اسکالرز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے اسلامی بینکوں میں انٹرن شپ اور اسلامک بینکنگ اینڈ فائنانس کے سرٹیفکیٹس کورس کا حصہ بنیں گے۔ اس موقع پر دارالعلوم میمن کے ڈائریکٹر اسلامی فنانس ڈاکٹر مفتی محمد یونس علی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سود سے پاک پاکستان کے عزم کو سراہا اور کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کی سود سے پاک معیشت کے وژن کو تقویت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔