اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں چیک پوسٹ پر حملے ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔اتوار کو اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جری جوانوں نے جان پر کھیل کر 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم شہداء اور ان کے باحوصلہ خاندانوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔