کراچی (نمائندہ خصوصی) گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج سہہ پہر تین بجے جی پی او صدر، نزد ریگل چوک آ کر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے امریکی صدر کو پوسٹ کارڈ بذریعہ ڈاک بھیجیں۔ میں تمام سیاسی، دینی اور سماجی جماعتوں کے رہنماؤن سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ وہ اپنے کارکنوں کے ہمراہ صدر جنرل پوسٹ آفس تشریف لائیں۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے دفتر میں عافیہ کی کلیمنسی پٹیشن نمبر سی 310439 دائر کی جا چکی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ جو کہ ایک پاکستانی شہری ہیں، ان کے جھوٹی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پرالزامات غلط الزامات عائد کر کے ناانصافی کی پر قید میں رکھا گیا ہے۔ ہم اپیل کرتے ہیں کہ انہیں رہا کیا جائے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ الحمدللہ، حالات موافق ہیں اس لیے وقت آ گیا ہے کہ قوم ذمہ داری نبھائے کیونکہ حکومت کی جانب سے خط امریکی صدر کو بھیج دیا گیا ہے۔ اس لیے اس موقع پر پاکستانی عوام کی طرف زبردست حمایت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی عوام کی اکیس سالہ جدوجہد کا ثمر حاصل کرنے کا وقت بہت قریب ہے۔