اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے جمعہ کو مسابقتی کمیشن کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر کو کمیشن کے مینڈیٹ اور کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔مسابقتی کمیشن کے چئیرمین ڈاکٹر کبیر سدھو نے وفاقی وزیر کو عدالتوں میں زیر سماعت کیسز پر بریفنگ دی ۔وفاقی وزیر اعظم تارڑ نے عدالتوں میں زیر التوا کیسوں کی جلد سماعت کے لئے معاونت کا یقین دلایا ۔انہوں نے مسابقتی ٹربیونل میں ججز کی جلد تعیناتی کا بھی یقین دلایا ۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ مسابقتی کمیشن کے عدالتوں اور مسابقتی ٹربیونل میں 550 مقدمات زیر التوا ہیں ،کمیشن کے 74 ارب روپے کے جرمانے عدالتوں میں اسٹے دیے گئے جبکہ عدالتوں میں جلد سماعت کی کئی درخواستیں بھی دی گئی ہیں۔گزشتہ ایک سال میں عدالتوں نے 69 مقدمات کے فیصلے سنا دئے اور عدالتوں کے فیصلوں کے نتیجے میں 100 ملین روپے کے جرمانے حکومتی خزانہ میں جمع ہوئے ۔وفاقی وزیر نے کمیشن کو بھر پور انفورسمنٹ کے لئے حکومت کی مکمل سپورٹ کا یقین دلایا۔