لاہور( نمائندہ خصوصی) بابا گورو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے3ہزار کے قریب بھارتی سکھ یاتری بذریعہ واہگہ بارڈر ، لاہور پہنچ گئے جدھر صوبائی وزراء رمیش سنگھ اروڑہ اور بلال اکبر خان نے سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر اور ممبران پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران نے یاتریوں کا پر تپاک استقبال کیا۔ صوبائی وزراء نے یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور امیگریشن کائونٹر پر ہونیوالی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یاتریوں کے لیے سیکیورٹی ودیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کا اپنے سکھ بھائیوں سے پیار اور احترام کا رشتہ ہے ۔بھارت سے آئے سکھ یاتری پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور واپسی پر حسین یادیں لیے روانہ ہوتے ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ننکانہ صاحب کو 06 کلومیٹر تک شاندار طریقے سے سجایا گیا ہے اور اس مرتبہ بابا گرو نانک دیو جی کی سالگرہ کی تقریبات تاریخی انداز میں منائ جائیں گی تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی ٹرانسپورٹیشن کا بہترین انتظام کیا جا چکا ہے اور واہگہ سے یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےدہلی گوردارہ مینیجمینٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پپا نے کہا کہ اپنے شاندار استقبال پرحکومت پنجاب ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گور دوارہ پر بندھک کمیٹی کے شکر گزار ہیں۔ شرمنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پارٹی لیڈر گرنام سنگھ جسل نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں بہت عزت اور پیار ملتا ہے۔جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔یا تریوں کو واہگہ بارڈر پر لنگر پیش کیا گیا اور واہگہ بارڈر سے اسپیشل بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا۔ بابا گورو نانک جنم دن کی مرکزی تقریب آج 15 نومبر گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔جس میں وفاقی و صوبائی وزرا مہمان خصوصی ہوں کے جبکہ مذہبی و اقلیتی رہنما کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ بھارت سمیت دنیا بھر ےسے آ ئے ہوئے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے ۔جبکہ بعد ازاں سکھ مذہبی رسومات کے مطابق پالکی کا خصوصی جلوس بھی نکالا جائے گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گا۔جنم دن کی مرکزی تقریب کے بعد سکھ یاتری 16 نومبر کو گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کرتے ہوئے گور دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے جہاں ایک دن قیام کریں گے ۔یاتری 18نومبر کو حسن ابدال سے کرتارپور نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب پہنچیں گے جہاں ایک دن قیام کے دوران اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے ۔یاتری 20 نومبر کو براستہ گوجرانوالہ گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کرنے کے بعد گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے ۔ بھارتی سکھ یاتری 10 روزہ دورہ مکمل ہونے پر 23 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہوں گے ۔