بڈاپسٹ۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ پنچئے توشکوسکی نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور باہمی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ جلد پاکستان کا دورہ کروں گا۔ انہوں نے اسلام آباد دورے کی دعوت پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شمالی مقدونیہ کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے ہر ملک کے ساتھ تعلقات اور تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ ہنگری میں پاکستان کے سفیر آصف حسین میمن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔