کراچی۔ (اسٹاف رپورٹر):سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح شہر قائد میں بھی ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ کا وقت صبح 8سے شام 5 بجے تک ہے۔الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے "اے پی پی”سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں ایسٹ کے علاوہ 6اضلاع میں 10 نشستوں کے لئے 68 امیدوار مدمقابل ہے۔اس میں 4 چیئرمین 2 وائس چیئرمین اور 4وارڈ ممبرز شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر قائد میں مجموعی طور پر 167 پولنگ سٹیشنز پر شہری حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔واضح رہیں کہ صوبہ سندھ میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے 32 نشستوں پر 173 امیدوار مدمقابل ہے،4 لاکھ 33ہزار951 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔مجموعی طور 77 نشستوں پر انتخابات ہونے تھے لیکن اس میں 41 بلامقابلہ منتخب ہوگئے جبکہ 4 نشستوں پر کاعذات نامزدگی جمع نہیں کرائی گئی جبکہ 32 نشستوں کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ 32 نشستوں میں 11نشستیں چیئرمین،6وائس چیئرمین،13جنرل اور 2 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل شامل ہے۔مجموعی طور پر 271 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جس میں 48 پولنگ سٹیشن مردوں کے لئے 45 خواتین اور 178 مشترکہ پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔271 پولنگ سٹیشنز میں سے 213 انتہائ حساس،47حساس جبکہ 11نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل ہے۔انتہائی حساس اور حساس پولنگ سٹیشنوں پر زیادہ سیکیورٹی اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔