مریدکے ( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے وزیر اعظم شہباز شریف پیٹرول کی قیمت میں کمی کرنے جارہے ہیںاور بہت جلد پیٹرول کی قیمتیں اتنی نیچے لے آئیں گے کہ تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا ،یکساں نصاب سے ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کرسکتے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو نجی تعلیمی ادارہ جس طرح کا نصاب چاہتا ہے اپنائے اور دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے نوجوان نسل تیار کرے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عمران خان حکومت اور اداروں پر تنقید کی بجائے توشہ خانہ ،فرح بی بی اپنی اہلیہ اور اپنے سابقہ وزرا ءکی لوٹ مار کا حساب دیں کیونکہ یہ قوم حساب مانگتی ہے ۔انہوں نے کہا عمران خان تیار ہوجاﺅپہلا حساب یہ قوم اس ماہ کی 17 تاریخ کو لے گی ،ضمنی انتخابات میں قوم ووٹ کی طاقت سے لوٹ مار کا انتقام لے گی ،میں دعوی کرتا ہوں عام انتخابات میں عمران خان کا نام بھی نہیں ہوگا ،یہ انتخاب ہار چکا ہے یہی وجہ ہے کبھی دھاندلی کا شور مچاتا ہے اور کبھی الیکشن کمشن اور فوج پر انگلی اٹھاتا ہے ۔انہوں نے کہا ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم کا جو عمران خان نے سلسلہ شروع کیا تھا وہ رائج نہیں کررہے ،یہ طریقہ اس وقت شروع کیا گیا تھا جب دہشتگردی کیخلاف آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا تھا کہ دینی مدارس کو بھی جدید تعلیم کے دھارے میں لایا جائے ،اب یکساں نصاب کی ضرورت نہیں ،اس نظام تعلیم سے ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کرسکتے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو نجی تعلیمی ادارہ جس طرح کا نصاب چاہتا ہے اپنائے اور دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے نوجوان نسل تیار کرے۔