اسلام آباد: بھارت کی جانب سےاینڈرائیڈ موبائل فون صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے کے لیے ’ڈیشا‘ کے نام سے آف لائن میپس موبائل ایپ متعارف کروانے کا انکشاف ہوا ہے۔
حکومت نے پاکستان میں صارفین کو بھارتی موبائل فون ایپ کے استعمال سے اجتناب کرنے سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی ہے اورحفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ صرف گوگل پلے اسٹور سے ہی موبائل ایپ ڈاون لوڈ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈوائزری میں کسی بھی نامعلوم سرور کے استعمال یا لنک کو نہ کھولنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اس میں کہا گیا کہ حال ہی میں مشاہدے میں آیا ہے کہ آف لائن روڈ نیوی گیشن کے لیے بھارتی اوریجن کی تھرڈ پارٹی اینڈرائیڈ نیوی گیشن ایپلیکیشن ڈیشا استعمال کی جارہی ہے۔
ایڈوئزری میں کہا گیا کہ یہ موبائل ایپ گوگل پلے اسٹور پر موجود نہیں ہے اور یہ موبائل فون ایپ تھرڈ پارٹی سرور سے ڈاون لوڈ کی جاسکتی ہے، موبائل ایپ کے استعمال بارےصارفین کا فیڈ بیک کافی مثبت ہے لیکن مستقبل میں اس موبائل فون ایپ کے بڑے پیمانے پر استعمال کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ بھارتی اوریجن کی یہ موبائل فون ایپ ڈیشا صارفین سے پیشگی اجازت لیے بغیر ازخود ہوسٹ سسٹم، ڈیٹا اسٹور، ایس ایم ایس ریڈ تک رسائی حاصل کرلیتی ہے اس موبائل فون ایپ میں اضافی خاصیت یہ ہے کہ صارفین کی درست لوکیشن بھارتی گرڈ سسٹم میں ڈسپلے ہوجاتی ہے جسے زوم بھی کیا جاسکتا ہے۔