اسلام آباد۔ (اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کے محمد آصف نےآئی بی ایس ایف مینز عالمی سنوکر چیمپئن شپ جیت تیسری مرتبہ عالمی سنوکر چیمپئن بن گئے۔بدھ کو دوحہ قطر میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کےمحمد آصف نے ایران کےعلی گھراہ گوزلو کو 3-5 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ محمد آصف نے ایران کے کھلاڑی کو (70-25, 7-87(84), 82(56)-8, 106(106)-08, 82-12, 43-91(58), 0-118, 93(80)-4)سکور سے شکست دی۔قطر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد آصف نے 9 فریمز پر مشتمل فائنل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے حریف کھلاڑی کو بے بس ر کے رکھا۔محمد آصف نے اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔پاکستانی کیوئسٹ نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 سنچری بریک کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی پائی تھی۔فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ محمد آصف نے پہلی مرتبہ 2012 میں آئی بی ایس ایف عالمی سنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی جبکہ 2019 میں دوسری دفعہ عالمی سنوکر چیمپئن بنے تھے۔قبل ازیں عالمی چیمپئن شپ میں محمد آصف نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔دریں اثناء پاکستان سنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدیداران نے محمد آصف کو شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی ہے اور اسے پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز قرار دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی طرح مسلسل تیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والے محمد آصف کو بھی پذیرائی ملے گی اور ان کو انعامات سے نوازا جائے گا۔