اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اڑورہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو قدرت نے خوبصورت سیاحتی مقامات سے نوازا ہے، سکھ یاتریوں کیلئے پاکستان کا ویزہ بالکل مفت اور یہ 48 گھنٹوں میں آن لائن مل جاتا ہے،پاکستان میں 280 مذہبی مقامات ہیں اور 80 فیصد سکھ مذہب کے مقدس مقامات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان میں ٹورازم پوٹینشل کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اڑورہ نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے خوبصورت سیاحتی مقامات سے نواز ہے،پاکستان میں مذہبی ٹورازم پوٹینشل بہت زیادہ ہے، سکھ یاتریوں کیلئے پاکستان کا ویزہ بالکل مفت اور یہ 48 گھنٹوں میں آن لائن مل جاتا ہے، پاکستان میں 280 مذہبی مقامات ہیں اور 80 فیصد سکھ مذہب کے مقدس مقامات ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سیاحت کے ذریعے ملک کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے، پاکستان میں مذہبی، ثقافتی، مائونٹین اور کوسٹل ٹورازم کے بے شمار پرکشش مقامات موجود ہیں جو ملکی اور عالمی سطح پر سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں، ہر سکھ کا پاکستان کے ساتھ ایک مذہبی تعلق ہے، 200 سے زائد مذہبی مقامات اور گردوارے ہیں، ضلع قصور، ننکانہ، لاہور اور نارووال میں 100 سے زائد گوردوارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کے خلاف پورا بیانہ بنایا گیا ہے تاکہ سکھوں کی آمد و رفت کم ہو، پاکستان میں سکھوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت کے متعلق غلط بیانہ بنایا گیا ہے، پاکستان میں سکھوں کا بہت بھرپور ورثہ موجود ہے،جین مت کے پیروکار بھی پاکستان آنا چاہتے ہیں، ان کا ورثہ بھی یہاں موجود ہے، مذہبی سیاحت سے ٹورازم کا فروغ ہو گا اور پاکستان کا اصل مثبت چہرہ بیرون ملک پیش ہو گا۔دیگر شرکاء نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں، ٹورازم کے فروغ سے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔