اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی حکومت نے وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان کو پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپ دیا۔کابینہ سیکریٹریٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے منگل کو جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق حکومت پاکستان نے سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی شق 10 کے تحت وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان کو پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدہ کا اضافی چارج تین ماہ کی مدت یا ریگولر تقرری تک سونپ دیا ہے۔عنبرین جان اس وقت وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ چارج سنبھالنے کے بعد وفاقی سیکریٹری اطلاعات و ایم ڈی پی ٹی وی عنبرین جان نے پی ٹی وی میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کی تحقیقات شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ 12 ریٹائرڈ ملازمین کی دوبارہ ملازمت ختم ہونے کے بعد دیگر ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل بھی شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔