اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان میں شعبہ ٹیلی کام میں سائبر سکیورٹی کی توسیع میں نمایاں کامیابیوں کے اعتراف میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے منگل کو سائبر سکیورٹی ایوارڈز 2024 کا انعقاد کیا۔اس موقع پر شعبے کی ترقی کو سراہتے ہوئے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان کے معاشی اور ڈیجیٹل استحکام کے لئے ایک مضبوط سائبر سکیورٹی فریم ورک کے پیش نظر حکومت کے وژن پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان ایچ آئی (ایم) نے اپنے خطاب میں ایک محفوظ شعبے میں تعاون پر زور دیتے ہوئے فعال سائبر سکیورٹی کلچر کی تعمیر و ترقی کے ضمن میں پی ٹی اے کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔– پاکستان کے گلوبل سائبرسیکیوریٹی انڈیکس (جی سی آئی ) کی درجہ بندی کی توسیع میں اہم کارکردگی پر ٹیلی کام س متعلقہ اداروں اور اہم سٹیک ہولڈرز کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر سائبر سکیورٹی کی سالانہ رپورٹ 2024 کا اجراء بھی کیا گیا جس میں پی ٹی اے کے اقدامات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔رپورٹ اور درجہ بندی کی تفصیلات پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ واضح رہے کہ سائبر سکیورٹی ایوارڈز مضبوط سائبر سکیورٹی فریم ورک کے پیش نظر ٹیلی کام شعبے میں اہم کارکردگی کے اعتراف کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی جانب اہم پیشرفت کو ظاہرکرتے ہیں۔