اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی ایف سی کے جوانوں کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ درابن کی حدود میں ایف سی کی گاڑی پر خوارجی دہشتگردوں نے فائرنگ کی ۔خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 2 سپاہی شہید۔4 زخمی ہوگئے ۔شہید سپاہی شیر الرحمن اور شہید سپاہی سید امین نے خوارجی دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ شہید سپاہی شیر الرحمن کا تعلق جنوبی وزیرستان اور شہید سپاہی سید امین کا تعلق صوابی گدون سے تھا۔زخمیوں میں حوالدار امتیاز ،سپاہی محب شاہ، سپاہی صاحب دین اور سپاہی فضل کریم شامل ہیں ۔ایف سی کے زخمی چاروں سپاہیوں کو علاج کے لئے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک ملانے کے لیے پرعزم ہے۔ایف سی کے سپاہیوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پختہ عزم کی عکاس ہیں ۔