اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارجی دہشتگردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہید 2 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے ساتھ ہیں ،شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔منگل کو وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید سپاہی شیر الرحمن اور شہید سپاہی سید امین کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔شہید سپاہی شیر الرحمن اور شہید سپاہی سید امین نے جان دے کر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہاکہ شہید سپاہی شیر الرحمن اور شہید سپاہی سید امین کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔زخمی سپاہیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی سپاہیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کے بہادر جوانوں پر ناز ہے۔ایف سی کے جری جوانوں کی قربانیوں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔