اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز ذوالفقار نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران جبوتی کی بندرگاہ کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر جبوتی بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔بندرگاہ پر قیام کے دوران پی این ایس ذوالفقار کے کمانڈنگ آفیسر نے جبوتی کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور مزید تعاون کے مواقع پر بات چیت کی۔ پاکستان اور جبوتی کی بحری افواج کے مابین دوطرفہ روابط دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی اور عسکری تعلقات میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ مزید برآں؛ پی این ایس ذوالفقار کے عملے نے جبوتی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر مفید بات چیت اور اپنے تجربات کا تبادلہ بھی کیا ۔مشترکہ سمندری مفادات کے باعث؛ پاکستان اور جبوتی کے مابین قریبی اور خوش گوار سفارتی تعلقات ہیں۔ ان تعلقات میں باہمی احترام اور افہام و تفہیم کا کلیدی کردار ہے۔ جبوتی میں قیام کے دوران، مختلف ممالک کے سفیروں، دفاعی اتاشیوں، جبوتی کی اعلیٰ حکومتی اور فوجی قیادت کے ساتھ ساتھ مقامی اور پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے بھی جہاز کا دورہ کیا۔جبوتی سے روانگی کے بعد، پی این ایس ذوالفقار نے جبوتی کوسٹ گارڈز کے ساتھ مشترکہ مشق کا بھی انعقاد کیا تاکہ مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت اور باہمی تعاون کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔