لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سونامی جیسی قدرتی آفات، فطری عوامل ہیں اور موسمیاتی تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان بھی کلائیمٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہیں،قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سونامی کی تباہی سے نمٹنے کے لئے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے جامع کلائیمٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ عوام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے باقاعدہ آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ناگہانی صورتحال میں شہری حفاظتی اقدامات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچاؤ کی تکنیک کو اپنایا جاررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے شہری حکومت کا ساتھ دیں۔دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔