راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے دو مختلف مقامات پر آپریشن کے دوران چھ خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 3 اور 4 نومبر کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کی موجودگی کا موثر جواب دیا جس کے نتیجے میں ایک خارجی احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہو گیا۔ایک اور واقعے میں پاکستان-افغانستان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت پر سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کر کے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں پانچ خوارج مارے گئے جبکہ تین خوارج زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرحد پر موثر نگرانی کو یقینی بنائے۔توقع کی جاتی ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی اور پاکستانی سرحد کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان زمین کا استعمال روک دے گی۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔