راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):بین الاقوامی امن مشن تربیتی مراکز کی 28 ویں سالانہ کانفرنس کا انعقاد پہلی مرتبہ پاکستان میں مرکز برائے عالمی امن و استحکام (سی آئی پی ایس)، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد میں 4 سے 8 نومبر 2024 تک ہو رہا ہے۔اس تقریب کا باقاعدہ آغاز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے سی آئی پی ایس کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے شعبہ امن آپریشنز کے انڈر سیکرٹری جنرل ژاں پیئر لاکروکس، اقوام متحدہ کے پولیس مشیر، قائم مقام ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اور نسٹ کے ریکٹر بھی افتتاحی تقریب کے دوران مہمان خصوصی کے ہمراہ موجود تھے۔اپنے خطاب میں آرمی چیف نے زور دیا کہ عالمی امن آج متواتر نئے خطرات اور چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی متعدد امن مشن کی کوششوں کے باوجود بے گناہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔مہمان خصوصی ژاں پیئر لاکروکس نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی خدمات کو تسلیم کیا اور 28ویں آئی اے پی ٹی سی سالانہ کانفرنس کی میزبانی کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے ان کا استقبال کیا۔