پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی ٹیم لاہور قلندرز میں شامل نوجوان کرکٹر ڈین فوکس کرافٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کی نظریں قلندرز کے ڈریسنگ روم میں موجود ٹاپ پلیئرز سے کچھ سیکھنے پر مرکوز ہیں، خوشی کی بات ہے کہ وہ راشد خان، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف جیسے کرکٹرز کے ساتھ ہیں۔
ایک انٹرویو میں جنوبی افریقا انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں انہیں کرکٹ کا بہت اعلیٰ معیار نظر آیا ہے، لوگ اس کو آئی پی ایل سے ملاتے ہیں، وہ آئی پی ایل تو نہیں گئے لیکن پاکستان سپر لیگ کیلئے ان کی جانب سے دس میں سے دس نمبر ہیں۔
23 سالہ ڈین فوکس کرافٹ 2016 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑی تھے مگر اب وہ نیوزی لینڈ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ پاکستان سپر لیگ میں وہ لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی 23 سال کے ہی ہیں اور پاکستان سپر لیگ میں ان کی نظریں زیادہ سے زیادہ سیکھنے پر مرکوز ہیں، وہ خوش قسمت ہیں کہ راشد خان، بین ڈنک، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف جیسے پلیئرز کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ان کے تجربات سے جیتنا سیکھ سکیں، اپنے ساتھ لے کر جائیں۔
ڈین فوکس کرافٹ کا کہنا تھا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں ہیں، یہاں کنڈیشنز مختلف ہیں، صورتحال مختلف ہیں، پچیں مختلف ہیں جس پر اُنہیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، نیٹس پر راشد خان جیسے بولر کو کھیلنا کافی اچھا تجربہ ہے۔
نوجوان کرکٹر نے کہا کہ جہاں موقع ملا، وہ اسکا بھرپور فائدہ اٹھانے کی بھی کوشش کریں گے اور لاہور قلندرز کیلئے قابل قدر کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم کو جتوانے کی کوشش کریں گے۔
ڈین بین کرافٹ پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں شریک ہورہے ہیں تاہم وہ کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی ٹیم لاہور قلندرز کے بارے میں انہوں نے پہلے بھی سن رکھا تھا کہ کس طرح یہ ٹیم ایک فیملی کی طرح اپنے ہدف کی جانب بڑھتی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شاہین شاہ آفریدی ہر کسی کو ساتھ لے کر چلتے ہیں جو کہ ایک اچھے کپتان کی نشانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی بھی بہت زبردست ہے اور ہر کوئی ان کا بہت اچھا خیال رکھ رہا ہے وہ پاکستان میں اپنے قیام کو انجوائے کررہے ہیں۔