اسلام آباد۔(شوبز رپورٹر):معروف فوک گلوکارہ اور بلبل صحرا ریشماں کی برسی 3 نومبر کو منائی جائے گی ۔بلبلِ صحرا کے نام سے شناخت پیدا کرنے والی فوک گلوکارہ ریشماں 1947 میں راجھستان کے شہر بیکانیر میں پیدا ہوئیں اور قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہو گیا ۔ ریشماں کا تعلق خانہ بدوش خاندان سے تھا۔انہوں نے 12 سال کی عمر میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ریشماں نے اپنے کیریئر میں متعدد گانے گائے تاہم اُن کے مشہور ہونے والے گانوں میں ’’چار دنا دا پیار او ربا، اکھیوں کے آس پاس اور نئیں لگ دا دل میرا‘‘ شامل ہیں۔واضح رہے کہ گلو کارہ ریشماں باقاعدہ تعلیم یافتہ نہیں تھیں ، کم عمری میں ہی وہ صوفیا کرام کے مزاروں پر منقبت پڑھتی تھیں۔ریشماں کومعروف صوفی بزرگ حضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر ’’ہو لعل میری‘‘ قوالی پیش کرنے پر شہرت حاصل ہوئی ۔ریشماں کے گائے جانے والے کئی گانے بھارتی فلموں میں بھی شامل کئے گئے۔ریشماں طویل علالت کے بعد 66 برس کی عمر میں 3 نومبر 2013 کو لاہور میں انتقال کر گئیں۔ حکومت پاکستان نے اُن کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز اور ’’بلبل صحرا‘‘ کا خطاب بھی دیا۔ریشماں کی برسی کے موقع پر شوبز انڈسٹری اور گلو کار برادری کی جانب سے منعقد ہ تقریبات میں ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔