اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)معروف نیورو سرجن ڈاکٹر محمد رفیع نے خبردار کیا ہے کہ سردی کا موسم صحت عامہ کے لیے ایک اہم خطرہ ہے، جس سے ہائ بلڈ پریشر، ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے اور سالانہ ہزاروں جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ نیورو سرجن ڈاکٹر محمد رفیع نے اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ قلبی امراض کے خطرات کو کم کرنے کے لیے سادہ طرز زندگی کو اپنانا چاہیے ۔ڈاکٹر محمد رفیع نے سردی کے موسم میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر وہ لوگ جو بڑھاپے یا ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسے مسائل کا شکار ہیں، ان کو انتہائی محتاط رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم ہائی بلڈ پریشر، ہارٹ اٹیک اور فالج کا سبب بن سکتا ہے۔اسی طرح ایک اور ماہر صحت ڈاکٹر رافے نے شہریوں پر زور دیا کہ آسان اقدامات کو اپنانے سے قلبی پیچیدگیوں کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ چوکس رہیں اور سردی کے موسم میں اپنی صحت کے تحفظ کے لیے فعال اقدامات کریں۔ انہوں نے فالج اور دل کی دیگر بیماریوں سے بچنے کے لیے صحت مند طرز زندگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ لوگوں کو فاسٹ فوڈ اور پراسیسڈ کھانوں کا استعمال محدود کرنا چاہیے، جس میں غیر صحت بخش چکنائی، نمک اور چینی زیادہ ہوتی ہے۔ موٹاپا فالج کے لیے ایک اہم خطرہ ہے اور صحت مند کھانے کی عادات کو اپنانے سے اس خطرے کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔