اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کے بدنام زمانہ اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے،اشتہاری ملزم بشیر احمد کے خلاف 10 سے زائد مقدمات درج تھے،ملزم کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات نے 2022 میں مقدمات درج کئے تھے،ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے۔ایف آئی اے نے کہا ہے کہ گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے ہتھیائے،ملزم نے 12 متاثرین سے فی کس 18 لاکھ روپے وصول کئے تھے،ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو غیر قانونی طور پر نائیجریا اور لیبیا میں محصور رکھا،ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی،کشتی حادثے میں متاثرہ شہریوں کی موت واقع ہوئی۔ ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے حافظ آباد سے گرفتار کیا گیا،ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔