شانگلہ۔ (نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر امورکشمیر وگلگت بلتستان اور سیفران انجینئرامیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے کارکنوں کو صرف جھوٹ اور احتجاج دراحتجاج پر لگایا ہوا ہےجبکہ خود کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا ہوا ہے،ان کے پاس صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ پورن سندوی سے تعلق رکھنے معروف خاندانوں کے درمیان تیس سالہ سیاسی اختلافات ختم کرنے کےلیے منعقدہ جرگے میں خصوصی شرکت کے دوران کیا۔جرگے میں حاجی محمد ایوب خان خاندان اور امیر زرین تحصیلدار خاندان کے درمیان تیس سالہ سیاسی اختلاف ختم کئے گئے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے دونوں فریقین اور جن لوگوں نے اس ثالثی میں کردار ادا کیا ان سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ امیرمقام نے کہا کہ انہیں جو عزت شانگلہ کے عوام نے دی ہے ان کیلئے جو کچھ بھی کروں وہ کم ہے، ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ذاتی مفادات کے بجائے عوام کے مفادات اور عزت کا خیال رکھوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ عوام کے دکھ درد کو اپنا سمجھ کر عوام کے ساتھ رہا، دہشت گردی ہوچاہے زلزلہ یا سیلاب ہو یا کوئی بھی واقعہ یا حادثہ، ہمیشہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر عوام کے ساتھ ان کے درمیان رہا اور ہمیشہ انکے مسائل حل کرنے میں کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست کے بائیس سالہ کیریئر میں صرف چار ماہ کے قلیل عرصے اور صرف دو وزارتوں میں علاقے کی ترقی، فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے پراجیکٹس منظور کروائے جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں جبکہ مرکزی حکومت میں ہوتے ہوئے این ایچ اے، نادرا و بجلی سمیت دیگر مرکزی محکموں سے تاریخی کام کروائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنے کارکنوں کو بیوقوف بنا رہی ہے، ان لوگوں میں عوامی خدمت کا جذبہ نہیں ہے جبکہ اس کے برعکس اپنے کارکنوں کو صرف جھوٹ پر مصروف رکھا ہوا ہے، صرف احتجاج در احتجاج پر لگایا ہوا ہے اور خود کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا ہوا ہے، مرکز سے جو رقم ملتی ہے اسے اپنی ممبران پر صرف دھرنوں کیلئے کروڑوں روپے تقسیم کئے جارہے ہیں، ان سے ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور ہر روز کوئی نا کوئی سازش کا نیا جال بچھانے میں مصروف رہتے ہیں۔