کراچی ( بیورورپورٹ ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بارش کی صورتحال اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مرمت کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ گلیوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے چھوٹے پمپ نصب کریں اور اس کے ساتھ ہی تباہ شدہ سڑکوں کا پیچ ورک بھی شروع کریں اور کورنگی کاز وے کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، ضیاء عباس شاہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، کمشنر کراچی اقبال میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ، سیکریٹری ریہیبلیٹیشن آصف میمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور دیکھا کہ پانی کی نکاسی ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود ٹاور، میمن مسجد، کے ایم سی بلڈنگ، کھارادر، وزیر مینشن کے کچھ حصے اور ان کی رابطہ سڑکیں زیر آب ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ضلع جنوبی اور ضلع شرقی کے انڈر پاسز کو بارش کے پانی سے صاف کر دیا گیا ہے اور انہیں شام تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ گلیوں میں جہاں بارش کا پانی جمع ہے وہاں چھوٹے پمپ لگائے جائیں اور انہیں صاف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارش کے ایک اور اسپیل کی پیشن گوئی جاری کر دی گئی ہے، اس لیے ہمیں نہ صرف تمام سڑکوں اور گلیوں کو بحال کرنا ہے بلکہ آنے والے اسپیل کے لیے بھی تیار رہنا ہو گا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کورنگی کاز وے کو نقصان پہنچا ہے اس لیے صنعتی علاقے سے کورنگی جانے والے متبادل راستے پر دباؤ ہے۔
انہوں نے وزیر بلدیات ناصر شاہ اور وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر کاز وے کا دورہ کریں اور ہنگامی بنیادوں پر ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کریں اور کل سے کام شروع کریں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو کو ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موسلا دھار بارش سے وزیراعلیٰ ہاؤس، میٹرو پول، سندھی مسلم سوسائٹی، قیوم آباد سمیت 6 مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کو نقصان پہنچا ہے جہاں سڑکیں دھنس گئی ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان پر کام شروع کرے تاکہ اگلے دو روز میں انہیں بحال کیا جا سکے۔ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو موسلا دھار بارش سے تباہ ہونے والی سڑکوں کا پیچ ورک شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ہیں