ایبٹ آباد( نمائندہ خصوصی )مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ڈیڑھ ماہ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تمام مقدمات ختم ہو جائیں گے۔بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں رکھتیں تاہم وہ سیاست میں آئیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو خود علاج کی ضرورت ہے، وہ ذہنی معذوری اسپتال میں اپنا علاج کروائیں۔انہوں نے کہا کہ شکر کریں آپ کو گورنر ہاؤس رہنے کیلیے دیا ہے، فیصل کریم کنڈی میڈیا پر رہنے کیلیے شوشے چھوڑتے ہیں۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت لائف انشورنس کمپنی بنانے جا رہی ہے جہاں روزگار، تعلیم اور صحت اسکیموں کی نشورنس اسی کمپنی کے تحت ہوگی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام سے سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوگی۔دوسری جانب، بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلیے نورین نیازی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔نورین نیازی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، آئے روز مقدمات میں بانی کو ملوث کیا جاتا ہے، ہر شہری کا حق ہے کہ اسے اپنے خلاف مقدمات کا علم ہو۔انہوں نے استدعا کی کہ بانی کے خلاف نامعلوم مقدمات درج ہیں لہٰذا تمام درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کا حکم دیں، بانی کی کسی بھی نامعلوم مقدمے میں گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا جائے۔