مظفر آباد:(نیوز ڈیسک )شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 06نومبرکویوم شہدا جموںشایان شان طورپر منایا جائے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نومبر 1947 کے پہلے ہفتے کے دوران ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندو انتہا پسندوں نے جموں خطے کے مختلف علاقوںمیں لاکھوں کشمیریوں کو اس وقت شہیدکردیاتھاجب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔جموں وکشمیر لبریشن سیل اور آل جموں ریفوجیز و یلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مظفرآباد ایک پروقار تقریب منعقدکی جائیگی جس میںآزاد کشمیر کے وزرائے ، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے زعما کے علاوہ دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔جموں و کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ محمد اسلم خان نے آل جموں ریفیوجی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبرا ور نومبر1947 میں ڈوگرہ فورسز، آرایس ایس، سکھ اور ہندو جتھوں نے جموں کے لاکھوں مسلمانوں کو شہید اور پاکستان کی طرف ہجرت کرنے پر مجبورکیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ نومبر1947 کے پہلے ہفتہ میں اڑ ھائی لاکھ کے قریب جموں کے بے گناہ مسلمانوں کو ڈوگرہ انتظامیہ اور ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹر یہ سیوک سنگھ کے غنڈوں نے پاکستان میں بحفاظت پہنچانے کے بہانے شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا جموں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت ضرور ملے گا۔