اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے سیلاب رسپانس ایمرجنسی ہائوسنگ پراجیکٹ کے تحت بجٹ میں مختص 30 ارب روپے کی سندھ حکومت کو فراہمی کے ضمن میں تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے، اجلاس میں متعدد وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس جمعہ کو یہاں وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اور نگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے غذائی سال 2024-25 کے لئے پاسکو کے مقامی اور درآمد شدہ گندم کے ذخائر کو گندم کی کمی کا شکار ایجنسیوں /علاقوں میں مختص کرنے کی تجویز پر غورہوا۔ اجلاس میں معاملہ پر تفصیلی بحث کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پاسکو کے ذخائر سے مقامی اور درآمد شدہ گندم ای سی سی کے یکم فروری 2024 کے فیصلے کی بنیاد پر مختص کی جائے گی اور جب تک درآمد شدہ گندم کا سٹاک مکمل طور پر ختم نہ ہو جائے، تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔ ای سی سی نے متعلقہ ایجنسیوں /علاقوں کو فراہم کی جانے والی گندم کو پہلے معیار اور انسانی استعمال کے قابل ہونے کے لئے جانچنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے
252.711 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی تجویز پر غور کیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی ، یہ فنڈز وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کی طرف سے سرینڈر کئے گئے ہیں جو وزیراعظم آفس (پبلک)، وزیراعظم آفس انٹرنل اور وزیراعظم سٹاف کالونی میں شہری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔اجلاس میں دو وی وی آئی پی طیاروں کے انجن کی اوورہالنگ کے لئے 1.8 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری کے حوالہ سے وزارت دفاع کی سمری کی منظوری دی گئی، یہ طیارے صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے سرکاری فرائض کے لئے استعمال ہوتے ہیںاجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے لئے دو ای-پاسپورٹ پرسنلائزیشن سسٹمز اور چھ ڈیسک ٹاپ پرسنلائزیشن مشینوں کی خریداری کے حوالہ سے 2.939 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری کی منظوری دی گئی جس کا مقصد مفاد عامہ کیلئے ڈائریکٹوریٹ کے سرکاری کاموں کا سلسلہ بلاتعطل جاری رکھناہے۔اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے وزارت خزانہ کے ترقیاتی فنڈ کے اجراء کے طریقہ کارکے مطابق اور وزارت منصوبہ بندی کی منطوری سے ”سیلاب رسپانس ایمرجنسی ہائوسنگ پروجیکٹ” کے تحت سندھ حکومت کو بجٹ میں مختص 30 ارب روپے کی فراہمی کی ضمن میں تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری کی منظوری دی گئی۔ای سی سی کے اجلاس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 84 کے تحت نیب کو ”ریکوری اینڈ ریوارڈ رولز 2002” کے مطابق اخراجات پورے کرنے کے لئے مختص 376 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے چین میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے مشنز کو معاونت فراہم کرنے کے لئے 226.720 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔