اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وفاقی وزراء کا سعودی حکام سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بھاری سرمایہ کاری کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان اور وزیر اعظم کے سعودی عرب کے دورے کی روشنی میں باہمی معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا گیا۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح سے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض میں پاکستان سے دورے پر گئے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے اعلیٰ افسران کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا جس میں دونوں ممالک میں طے ہونے والے ایم او یوز اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح نے وفاقی وزراء کا سعودی عرب میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی خوشگوار، مثبت اور تعمیری رہا ہے جس کے تناظر میں آئندہ کی پیشرفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ کو 25اور26نومبر کو سعودی عرب میں ہونے والے ایکسپو میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اُن کاکہنا تھا کہ پاکستانی معیشت اور تجارت کے فروغ میں ماضی کی طرح آئندہ بھی سعودی عرب بھرپور کردار ادا کرے گا اور جن شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے اُن میں سرمایہ کاری کے حجم میں مزید اضافہ کریں گے۔اپنی گفتگو میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے سعودی حکام کو بتایا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے اہم شعبوں کی ترجیحی فہرست کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائے گا اور سازگار ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سعودی سرمایہ کاروں کو غیر ضروری کارروائیوں سے گریز اور ہر طرح کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے تقاضوں کے مطابق سرمایہ کاری کے امور کو آگے بڑھا کر پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے، ایک ماہ کے دوران سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری کی پاکستان آمد اور اُن کے فوری بعد وزیر اعظم پاکستان کا یہاں کا دورہ اور وفاقی وزراء کی موجودگی ہمارے مضبوط عزم کا اظہار ہے۔اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں سرمایہ کاری کے لئے سعودی اور وفاقی وزراء کے مابین فالواپ جاری رکھنے اور کام کی رفتار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور مصد ق ملک نے سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح اور سعودی حکام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے لئے خوش آئند قرار دیا۔ اجلاس میں سعودی عرب اور پاکستان کے سرمایہ کاری کے وزارت کے سینئر افسران نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی نشاندہی کی اور اس حوالے سے مختلف تکنیکی امور کو جلد مکمل کرنے کے حوالے سے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی جس کے بعد سرمایہ کاری کا عملی طور پر آغاز ہو جائے گا۔