اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نومنتخب باڈی میڈیا انڈسٹری سے وابستہ کارکنان کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔جمعرات کو اپنے تہنیتی پیغامات میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور پی آئی او نے نومنتخب چیئرمین میاں عامر محمود، سینئر وائس چیئرمین سلمان اقبال اور وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمان سمیت دیگر نومنتخب عہدیدارن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن میڈیا انڈسٹری کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے، عوام تک درست اور مستند معلومات پہنچانے کے لئے میڈیا کا کردار مسلمہ ہے۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے کہا کہ ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی صحافت جمہوریت کو ہر لحاظ سے مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب باڈی میڈیا انڈسٹری سے وابستہ کارکنان کی ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔