کراچی۔ (نمائندہ خصوصی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی،ملاقات میں آئی ٹی اور کمیونیکیشن کی ضرورت ، آئی ٹی کورسز سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ عصر حاضر میں آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن جدید ترقی کی بنیاد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر اینیشیٹیو کے تحت گورنر ہاﺅس میں آئی ٹی کورسز جاری ہیں۔ان آئی ٹی کورسز کا دائرہ پورے صوبہ تک پھیلا رہے ہیں۔وزیر مملکت شیزا فاطمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی اینڈ کمیونیکیشن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گورنر اینیشیٹیو کے تحت آئی ٹی کلاسز شاندار اقدام ہے۔بعد ازاں گورنر سندھ کے ہمراہ وزیر مملکت شیزا فاطمہ خواجہ نے آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آئی ٹی کا پروگرام گزشتہ برس شروع کیا۔ یہ آئی ٹی مارکی ساڑھے چوبیس ہزار اسکوائر فٹ پرمحیط ہے۔ ہفتہ میں بتیس کلاسیں ہوتیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پچاس ہزار بچے آئی ٹی کی کلاسز میں زیر تعلیم ہیں۔ آئی ٹی کے طلباءکو جامعہ کراچی اسناد دے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام طالب علم شب و روز محنت کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ کسی بھی طالب علم سے کوئی فیس چارج نہیں کی جارہی۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی مارکی میں مزید دس ایئر کنڈیشنڈ لگوائے ہیں۔ وزیر مملکت شیزا فاطمہ نے کہا کہ گورنر ہاﺅس آکر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کا آئی ٹی انیشیٹیو قابل ستائش ہے آج گورنر ہاوس کے دروازے ہر خاص وعام کے لئے کھلے ہیں۔ عوام اور گورنر ہاﺅس کے درمیان فاصلہ بہت کم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاو س میں راشن ڈرائیو بھی قابل تعریف ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ نوجوان آئی ٹی کورسز کر کے اپنے اہل و عیال کی کفالت کریں۔ جب یہ نوجوان خود کفیل ہو جائیں گے تو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ملک کی معیشت میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا مفت کورس گورنر سندھ کی حب الوطنی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔گورنر سندھ کے ہمراہ وزیر مملکت نے ” امید کی گھنٹی ” کا دورہ کیا۔ وزیر مملکت نے امید کی گھنٹی بجا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت نے راشن ڈرائیو کا جائزہ لیا اور گورنر اینیشیٹو کے اس اقدام کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل میں گھرے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے راشن بیگز کی تقسیم قابل ستائش ہے۔وزیر مملکت نے بابائے قوم کے تاریخی کمرہ کا دورہ بھی کیا