اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے ۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے نادرا کو ہدایت دی کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے، حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کئے جائیں گے۔جنہوں نے حملہ کیا ہے ان کی شہریت منسوخ کرنے کےلئے کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لئے کابینہ بھیجا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کار پر حملہ ہوا ہے، ہم اس واقعہ پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ سابق چیف جسٹس کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔