کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ انفارمیشن کمیشن نے دی آرٹس فورم کے صدر مبشر میر کی درخواست پرآرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو 2ہفتوں میں درخواست گزار کی جانب سے طلب کردہ تمام معلومات فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مبشر میر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو معلومات کی فراہمی کے لیے 11جون 2024کو درخواست ارسال کی تھی جس میں ان سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے 2001سے 2023تک جنرل باڈی اجلاس کے فیصلوں کی تصدیق شدہ تفصیلات،آرٹس کونسل آف پاکستان کے بائی لاز ترامیم سے قبل اور بعد میں ترامیم کے ساتھ تصدیق شدہ کی کاپیاں مہیا،آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ممبران کی مکمل فہرست جس میں ممبران کی مکمل تفصیلات ہوں جس میں یہ واضح کیا جائے کہ ان کی ممبرشپ،فنون لطیفہ کے کس شعبہ میں خدمات کی وجہ سے یقینی بنائی گئی، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ان مرحومین کے ممبر شپ نمبرز کی تفصیلات جن کے نمبرز کسی اور ممبر کو الاٹ کیے گئے ہیں اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تنخواہ دار ملازمین کی مکمل فہرست مہیا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔اس درخواست پر جواب وصول نہ ہونے پر مبشر میر نے 2جولائی 2024کوایک درخواست اور ارسال کی تاہم اس پر بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا۔بعدازاں صدر دی آرٹس فورم نے مطلوبہ معلومات کی فراہمی کے لیے سندھ انفارمیشن کمیشن میں درخواست دائر کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے چیف انفارمیشن کمیشن سندھ ڈاکٹر جاوید علی نے ایگزیکٹو ائریکٹر آرٹس کونسل کراچی کو پہلے 23ستمبر کو نوٹس جاری کیے تھے، مگر مطلوبہ تاریخ کو پیش نہ ہونے کے بعد 8اکتوبر کیلئے نوٹس جاری کیے ۔8اکتوبر کو آرٹس کونسل کے نمائندے شکیل خان نے جواب داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی” پبلک باڈی” نہیں ہے اس لیے معلومات کی فراہمی کے ایکٹ کا اس پر اطلاق نہیں ہوتا ہے ۔لہذا اس درخواست کو مسترد کیا جائے ۔تاہم چیف انفارمیشن کمشنر سندھ ڈاکٹر جاوید علی اور انفارمیشن کمشنر شاہد عباس جتوئی نے آرٹس کونسل کراچی کے موقف کو مسترد کردیا اور ریمارکس دیئے کہ آرٹس کونسل کراچی حکومت سندھ سے سالانہ گرانٹ حاصل کرتا ہے اور جو ادارہ حکومتی گرانٹ حاصل کرتا ہے وہ سندھ انفارمیشن ایکٹ کے تحت معلومات کی فراہمی کا پابند ہے ۔سندھ انفارمیشن کمیشن نے حکم دیا کہ آرٹس کونسل درخواست گزار مبشر میر کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے 2001سے 2023تک جنرل باڈی اجلاس کے فیصلوں کی تصدیق شدہ تفصیلات،آرٹس کونسل آف پاکستان کے بائی لاز ترامیم سے قبل اور بعد میں ترامیم کے ساتھ تصدیق شدہ کی کاپیاں مہیا،آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ممبران کی مکمل فہرست جس میں ممبران کی مکمل تفصیلات ہوں جس میں یہ واضح کیا جائے کہ ان کی ممبرشپ،فنون لطیفہ کے کس شعبہ میں خدمات کی وجہ سے یقینی بنائی گئی، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ان مرحومین کے ممبر شپ نمبرز کی تفصیلات جن کے نمبرز کسی اور ممبر کو الاٹ کیے گئے ہیں اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تنخواہ دار ملازمین کی مکمل فہرست مہیا کرے ۔