اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لبنان اور غزہ کے لئے امدادی سامان کے دوجہاز فوری طور پر بھیجنے ،امدادی سامان کی ترسیل کی رفتار میں تیزی اور وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان کے حوالے سے بھرپور آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت غزہ، فلسطین اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ الی ٰحکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے لبنان اور غزہ کے لئے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری طور پر بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی راستے کے علاوہ زمینی راستے سے بھی ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان لبنان اور غزہ کے لئے روانہ کیا جائے۔وزیراعظم نے امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے فلسطین لبنان، اردن اور مصر میں تعینات پاکستانی سفرا سے روابط کومزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحقین تک پہنچے ۔ انہوں نے امدادی سامان کی ترسیل کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایت کی اور عوام سے ایک مرتبہ پھر اپیل
کی کہ پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد بڑھ چڑھ کر وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان میں عطیات جمع کروائیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور ملک سے باہر مقیم پاکستانی آئی بی اے این نمبر IBAN:PK11SBPD000000111111429میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں ۔انہوں نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان کے حوالے سے بھرپور آگہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر اجلاس کو لبنان و غزہ میں پاکستان کی جانب سے امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ پاکستان کی جانب سے غزہ و لبنان میں اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ بہن بھائیوں کے لئے سردی سے بچانے والے خیمے، کپڑے، کمبل ، ادویات ، اشیائے خور و نوش بھجوائے جا رہے ہیں ۔ اسرائیلی حملوں اور محاصروں کے باعث فلسطین اور لبنان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے ۔جو این جی اوز غزہ اور لبنان کے متاثرین کے لئے رقوم اور امدادی سامان بھجوانا چاہتی ہیں انہیں امدادی سامان کی ترسیل کے حوالےسے حکومت پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔\932