کراچی( نمائندہ خصوصی )نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی) نے عوامی شمولیت اور سماجی ذمہ داری کے حوالے سے اپنے عزم کے اعادہ اور چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی کے فروغ کے لئے کراچی میں اپنے ہیڈ آفس میں خصوصی پنکتوبر ایونٹ کا انعقاد کیا۔این بی پی چھاتی کے سرطان میں مبتلا خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر میں اس بیماری کے بارے میں آگاہی کے لئے اپنی معاونت جاری رکھے گا۔ایونٹ میں بینک کے سینیئر ایگزیکٹوز بشمول گروپ چیف آف ٹریژری اینڈ کیپٹل مارکیٹس، جناب محمد اسماعیل یوسف، گروپ ہیڈ آف ایچ آر ایم جی، جناب مرزا ایم عاصم بیگ، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ایچ آر ایم جی جنابعبدالوحید صابر، اور ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ جناب فاروق حسن نے شرکت کی۔پنک ربن کے سی ای او اور بانی جناب عمر آفتاب، ہیلتھکس پاکستان کی ہیڈ آف میڈیکل افیئز ڈاکٹر ثمینہ حسین اور ہیلتھ اینڈ ویلنس سپیشلسٹ خدیجہ سمیت معزز مہمان بھی ایونٹ میں موجود تھے۔ایونٹ میں پاکستان میں چھاتی کے سرطان کے کیسز کی تعداد، بڑے پیمانے پر آگاہی مہمات، بیماری کی ابتدائی تشخیص کی سہولیات تک رسائی، دوردراز علاقوں تک رسائی اور کارپوریٹ اور حکومت کے کردار سمیت مختلف موضوعات زیر بحث آئے۔مرزا ایم عاصم بیگ ، گروپ ہیڈ ایچ آر ایم جی نے چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی کےلئے این بی پی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ” چھاتی کا سرطان بے شمار خواتین کی زندگیوں کو متاثر کرتا ہے۔این بی پی کو بیماری کے بارے میں آگاہی کے فروغ اور ابتدائی تشیخص کی حوصلہ افزائی کےلئے اقدامات کی حمایت کرنے پرفخر ہے۔بینک کی حیثیت سے ہم اپنے ملازمین اور مختلف طبقات کی صحت وتندرستی کے لئے پرعزم ہیں اور سرطان سے چھٹکارا پانے اور اس موذی بیماری سے لڑنے والی خواتین کے ساتھ کھڑے ہیںفاروق حسن کی میزبانی میں پینل مباحثے کے دوران عمر آفتاب نے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی پیدا کرنے اور اس آگاہی کو ابتدائی تشخیص اور علاج کےلئے عملی اقدام میں تبدیل کرنے میں پنک ربن جیسی تنظیموں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔200سے زائد شرکاءنے اس سیشن میں حصہ لیا جس میں سوال جواب بھی کئے گئے۔ ڈاکٹر ثقلین شیر نے پروگرام کی میزبانی کی اور تمام شرکاءکے لیے ایک انٹریکٹو اور معلوماتی تجربے کو یقینی بنایا گیا۔ایونٹ کا اختتام این بی پی کے ہیڈ آفس کی گلابی رنگ کی روشنیوں سے سجاوٹ کے علامتی اظہار یکجہتی کے ساتھ ہوا جو چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی کےلئے بینک کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ پنکتوبر ایونٹ این بی پی کے مساوات، شمولیت اور سماجی بہتری کےلئے جاری وسیع تر مشن کو اجاگر کرتاہے۔