اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر ) پی ایم ایل قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور بھٹی نے بتایا کہ اسرائیل اب تک غزہ میں بیالیس ہزار بے گناہ مسلمانوں کو شہید کر چکا ہے۔ جس کے بعد اسرائیل کی ناپاک نظریں لبنان پر گڑھ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو مسلمانوں کو صفح ہستی سے مٹانے کے دم پر ہے جو پاکستان کے ہوتے ہوئے ممکن نہیں۔ فیصل انور بھٹی نے کہا کہ ہم پوچھتے ہیں کہاں ہے اسلامی ممالک کی بنائی گئی اتحادی فوج، جس کا پہلا مقصد مسلم ممالک کو دہشت گرد ممالک کی دہشت گردی سے محفوظ رکھنا تھا۔ انہوں نے کہا آئی ایم سی ٹی سی (اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررزم کولیشن) بھی او آئی سی (آرگنائزیشن آف اسلامک کووآپریشن) کی طرح اپنے مقصد میں ناکام ہو چکی ہے۔ مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ امریکا کی ناجائز اولاد اسرائیل کا جنگی جنون دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی ممالک کی حکومتوں میں اسرائیل کو روکنے کی ہمت نہیں تو اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کریں عوام صیہونی فوج کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔قیوم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل بھٹی نے کہا کہ مسلم دنیا کی آنکھوں میں انسانیت کی دھول جھونک کر فلسطین میں نسل کشی کی حمایت جاری رکھنے والا امریکا اب ایران پر اسرائیلی حملے کی حمایت کر رہا ہے۔ ایران مسلمانوں کا وہ برادر ملک ہے جو اس جنگ میں اکیلا کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کے لیے اگر کسی ملک نے عملی نفرت کا اظہار کیا اور اسرائیل کو روکنا چاہا تو وہ صرف ایران ہے۔ ایسے موقع پر او آئی سی اور آئی ایم سی ٹی سی کو ایران کا ساتھ دینا چاہیے۔ مسلم لیگ قیوم کو خدشہ ہے کہ اسرائیل اپنی ریاست کی حدود بڑھانے کے لیے اب لبنان پر قابض ہونا چاہتا ہے۔ قیوم لیگ حکومت کو تجویز دیتی ہے کہ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا جائے۔