لاہور(نمائندہ خصوصی )سکھ کمیونٹی کے عظیم رہنما، بابا گرو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں، جنم استھان گوردوراہ بابا نانک سے "امن کا دیپ” بھارت کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ یہ اقدام صوبائی وزیر اقلیتی امور، سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت میں عمل میں لایا گیا، جنہوں نے دیگر سکھ رہنماؤں کے ساتھ مل کر اس دیپ کو بھارت بھیجا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا، "امن کا دیپ درحقیقت اندھیرے سے روشنی کی طرف ایک واضح پیغام ہے تاکہ دنیا بھر میں امن قائم کیا جا سکے۔ یہ دیپ پاکستان سے بھارت روانہ کیا جا رہا ہے اور یہ مختلف ممالک کا سفر کرتا ہوا ملائیشیا پہنچے گا۔”سردار اروڑہ نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر میں امن و محبت اور مذہبی رواداری کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دیپ نہ صرف دو ملکوں کے درمیان امن کا پیغام ہے بلکہ یہ تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن کا یہ دیپ ہر طرف روشنی پھیلانے اور محبت کا پیغام عام کرنے کی ایک کوشش ہے، جس کے ذریعے انسانیت کو ایک نئی امید ملے گی۔اس تقریب کے دوران سکھ رہنماؤں نے فلسطین اور غزہ میں جاری جارحیت کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے دعا بھی کی۔