برسلز:(نیوز ڈیسک)کشمیرکونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارت کی طرف سے کینیڈا اور امریکہ میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کی حکومت نے دہشت گردی کے بھارتی منصوبوںکو واضح طور پر بے نقاب کیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی حکومت سفاکانہ طریقوں سے بیرون ممالک بھی دہشت گردی کی وارداتیں کر رہی ہے اور اپنے سیاسی مخالفین کو راستے سے ہٹانے کے لیے انکے قتل کے گھناﺅنے منصوبے بناتی ہے۔علی رضا سید نے کہا کہ کینیڈا حکومت کے جرائت مندانہ اقدامات انتہائی قابل ستائش ہیں جن سے جمہوریت کے لبھادے میں چھپا مکروہ بھارتی چہرہ دنیا کے سامنے اچھی طرح سے عیاں ہواہے۔ انہوںنے کہا کہ دنیا کے دیگر ملکوں کو بھی دہشت گردی کی بھارتی کارروائیوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور بھارت کو عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی خلاف ورزی سے روکنا چاہیے۔علی رضا سید نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے نہ صرف مقبوضہ جموںوکشمیر بلکہ پورے بھارت میں مسلمانوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر گرفت میں لائے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی ریاست پر قبضہ جما لیا تھااور وہ اس غیر قانونی قبضے کے خلاف آواز اٹھانے پر گزشتہ 77برس سے کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔علی رضا سید نے کہا کہ کشمیرکونسل یورپ کیطرف سے گزشتہ برسوں کیطرح اس بار بھی 27 اکتوبر کو برسلز سفارتخانے کے باہربھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔