کراچی (نیٹ نیوز)
بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والی 105 سالہ عمر رسیدہ خاتون دوڑ کے مقابلو ں میں حصہ لیکر نئے ریکارڈز قائم کر رہی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں کے مطابق 105 سالہ رام بائی کا تعلق ہریانہ سے ہے اور عمر کے اس حصے میں بھی وہ ناصرف صحت مند ہیں بلکہ اپنے اردگرد موجود افراد کو فٹنس کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کرتی ہیں، ضعیف العمر ہونے کے باوجود رام بائی کو کسی بھی قسم کے ہڈیوں کے مسائل کا سامنا نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رام بائی نے ایک سال قبل ریس کے مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا اور وہ اپنی عمر کی کیٹگری میں حصہ لیتی ہیں، رام بائی مقامی سطح پر ہونے والے ریس کے مختلف مقابلوں میں حصہ لے کر کئی میڈلز اپنے نام کر چکی ہیں تاہم ان کا کہنا ہے ریس جیتنے سے زیادہ اہم ان کے لیے اس میں حصہ لینا ہے۔