اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اپنی اہمیت ہے، ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئینی ترامیم اور اتفاق رائے کے عمل کی قیادت کر رہے ہیں، بطور رکن قومی اسمبلی مجھے سپریم کورٹ کی جانب سے اس وقت وضاحت کے فیصلے پر تکلیف ہوئی ہے۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی کاوشیں رنگ لائی ہیں ۔خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں آئینی ترامیم سے متعلق اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس آئینی ترامیم کے موقع پر پی ٹی آئی مثبت کردار ادا کرے گی، حالات کی نزاکت ہے کہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پارلیمان کو فنکشنل بنا یا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئینی ترامیم کے بعد بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔