اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد سے صیہونی ظلم و استبداد کے شکار نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد کیلئے قائم امدادی فنڈ میں بڑھ چڑھ کر عطیات جمع کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان موسم سرما کیلئے غزہ، فلسطین اور لبنان میں نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے جلد مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل بھیجے گا جبکہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک امدادی اشیاء کے 12 کارگوز فلسطین اور لبنان بھیجے جا چکے ہیں جن میں 3145 خیمے، 12625 کمبل سمیت اشیاء خورونوش، خشک دودھ اور ادویات شامل ہیں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ، فلسطین اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطین، غزہ اور لبنان کے مسلمانوں کو مصیبت میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔وزیر اعظم نے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ظلم و استبداد کے شکار نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد کیلئے حکومت پاکستان نے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے۔وزیراعظم نے اپیل کی کہ پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد بڑھ چڑھ کر اس فنڈ میں عطیات جمع کروائیں،پاکستان اور ملک سے باہر مقیم پاکستانی IBAN:PK11SBPD0000001111114292 Raast ID: 01111114292 میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسم سرما کیلئے فلسطین، غزہ اور لبنان میں اسرائیلی ظلم و جارحیت کے شکار مسلمان بہن بھائیوں کیلئے مزید خیمے اور کمبل بھیجے گا،پاکستان فلسطین اور لبنان میں نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے جلد مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل بھیجے گا۔وزیر اعظم نے ہمسایہ ممالک میں پاکستان کے سفیروں کو خیموں اور کمبلوں کی درکار تعداد کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی ظلم و جبر کے شکار مسلمان بہن بھائیوں کیلئے اشیاء خورونوش اور ادویات بھی بھیج رہا ہے،اسرائیل کا فلسطینیوں تک امداد میں رکاوٹ پیدا کرنا تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینیوں و لبنانیوں کی مدد کیلئے حکومتی کوششوں میں تعاون کرنے والی این جی اوز کا کردار بھی قابل ستائش ہے،فلسطین اور لبنان کے ہمسایہ ممالک بشمول مصر، عمان ، شام میں پاکستانی سفراء پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی اشیاء کی ترسیل کو تیز اور یقینی بنانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دن بدن بڑھتی ہوئی اسرائیلی جارحیت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے،عالمی قوتیں اسرائیل کو نہتے لوگوں کی نسل کشی سے فوراً روکیں،تاریخ گواہ ہے کہ بیسویں صدی میں عالمی جنگوں کی بڑی وجہ عالمی قوتوں کی جانب سے ایسے تنازعات پر خاموشی تھی۔اجلاس میں این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ نے وزیر اعظم کو امدادی اشیاء کے راستوں، ترسیل کے ذرائع اور اشیاء کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک امدادی اشیاء کے 12 کارگوز فلسطین اور لبنان بھیجے جا چکے، ان کارگوز میں 6 چارٹر، 3 پاک فضائیہ کی خصوصی پروازیں اور 3 کارگوز بحری راستے سے بھیجے گئے۔ بھیجی جانے والی اشیاء میں 3145 خیمے، 12625 کمبل سمیت اشیاء خورونوش، خشک دودھ اور ادویات شامل ہیں۔ مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل آئندہ تین پروازوں کے ذریعے بھیجے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کو این جی اوز کی جانب سے بھیجی جانے والی اشیاء کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ فلسطینی میڈیکل طلباء کا پہلا گروپ لاہور پہنچ چکا جبکہ دوسرا گروپ بھی گزشتہ دنوں اسلام آباد پہنچ گیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ میڈیکل کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی طلباء کی پاکستان کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کیلئے اقدمات یقینی بنائے جائیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امدادی اشیاء کی مقدار کو بڑھایا جائے بالخصوص بھیجی جانے والی اشیاء میں سردی سے بچائو کے فائر پروف خیمے اور کمبل بڑی تعداد میں شامل کئے جائیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ بھیجی جانے والی اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، مشیرِ وزیر اعظم رانا ثناء اللہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔