لاہور۔(نمائندہ خصوصی):لاہور پریس کلب کالونی معاملات میں اہم پیش رفت ہو گئی طویل عرصے بعدپنجاب جرنلسٹس ہائو سنگ فائو نڈیشن کے بورڈ اجلاس کاانعقاد ہوا۔ بورڈ اجلاس میں پریس کلب ہائوسنگ کالونی کے انتقال،ایف بلاک اور فیز ٹو کے معاملات جلد طے کرنے پر اتفاق پا گیا۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بورڈ اجلاس کی صدارت کی۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بورڈ اجلاس میں صحافی کالونی کے معاملات کی نشاندہی کی۔اجلاس میں ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر بورڈ ممبران نے مختلف تجاویز پر غور کیا ۔بورڈ اجلاس میں شریک اکثر ممبران کی طرف سے یہ تجویز دی گئی کہ ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کیلئے جو 26 کروڑ روپے درکار ہیں وہ وہاں کے الاٹیز سے وصول کیے جائیں اور پھر ترقیاتی کام کیا جائے تاہم صدر لاہور پریس کلب نے اس نقطہ کی مخالفت کی اور ممبران پر یہ بوجھ نہ ڈالنے کی درخواست کی اور اس کے بعد بورڈ کو اس چیز پر قائل کیا کہ یہ تمام رقم ممبران سے نہیں لی جائے گی بلکہ پنجاب جرنلسٹس ہائو سنگ فائو نڈیشن یہ رقم ایل ڈی اے کو فراہم کرے گی جو ایف بلاک میں ترقیاتی کام مکمل کرائے گی اور اجلاس میں پنجاب جرنلسٹس ہائو سنگ فائو نڈیشن نے یہ رقم فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی جس پر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ڈی جی ایل ڈی اے کو ہدایات جاری کیں کہ یہ رقوم لے کر فوری طور پر ترقیاتی کام شروع کیے جائیں تاکہ جلد از جلد ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جاسکے۔اس فیصلے کے بعد ایف بلاک کے الا ٹیز پر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا جبکہ صحافی کالونی کے انتقال کا معاملہ جلد از جلد نمٹانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔ صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سینئرر ممبر بورڈ آف ریونیو سے تفصیلی ملاقات ہو چکی ہے جس کے بعد بورڈ ارکان بھی اس امر پر متفق نظر آئے کہ جلد ہی کالونی کے انتقال کے معاملات طے کر لئے جائیں گے اور امید کی جاتی ہے کہ آئندہ چند روز میں اس سلسلے میں مثبت پیشرفت سامنے آئے گی۔اجلاس میں صحافی کالونی میں واسا اور بجلی کے حوالے سے معاملات پر سنجیدگی سے غور کیا گیا اور اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ واسا اور لیسکو فوری طور پر پانی کی فراہمی ، نکاسی آپ اور بجلی کے معاملات اپنے کنٹرول میں لیں اور وہاں یہ بنیادی سہولتیں جلد از جلد بہتر انداز میں فراہم کرنا یقینی بنایا جائے۔ صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ صحافی کالونی کا ساڑھے آٹھ کنال کمرشل ایریا جلد از جلد مارکیٹ ریٹ پر فروخت کرنے پر بھی اتفاق پایا گیا تاکہ وہاں کاروباری سرگرمیاں بڑھیں اور جوآمدنی ہو اس سے صحافی کالونی میں مزید ترقیاتی کام جس میں کمیونٹی سینٹر ہسپتال اور سکول کی تعمیر شامل ہے وہ شروع کیے جا سکیں۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ صحافی کالونی فیز ٹو پنجاب جرنلسٹس ہائو سنگ فائو نڈیشن ایکٹ کے تحت مکمل کیا جائے گا اور روڈا سے زمین پنجاب حکومت ادائیگی کر کے فائونڈیشن کے حوالے کرے گی جس پر مروجہ طریقہ کار کے مطابق پریس کلب ممبران کو پلاٹس ملیں گے اور پلاٹ کے حقدار صحافیوں سے صرف ترقیاتی اخراجات وصول کیے جائیں گے اور زمین کی قیمت نہیں لی جائے گی۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ بورڈ اجلاس کے انعقاد کیلئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خصوصی دلچسپی لی اور ان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے صحافیوں کے کیس کی بہترین وکالت کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر لاہور کی صحافی کمیونٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازاور وزیر اطلاعات پنجاب کی خصوصی طور پر مشکور ہے جن کی ذاتی کاوش اور دلچسپی سے لاہور پریس کلب کے ممبران کی صحافی کالونی ایف بلاک اور فیز ٹو کے معاملات اب حل ہونے کے قریب ہیں اور انہوں نے کہا کہ حکومت کی دلچسپی سے ہم پر عزم ہیں کہ جلد ہی تمام معاملات بہتر انداز میں حل کر لیے جائیں گے۔صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے لاہور پریس کلب اور صحافی کالونی کے معاملات میں ہمیشہ دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کی ذاتی کاوش سے بہت سے اجتماعی مسائل حل ہوتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔