لاہور،(نمائندہ خصوصی)مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا ہے کہ میڈیکل کی تعلیم کے فروغ اور ہسپتالوں میں خدمات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانے میں میڈیکل اساتذہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کا بنیادی کردار ہے اور انہیں یہ ذمہ داری اپنی پیشہ وارانہ لگن اور انسانیت کی خدمت کے مقدس پیشے کے وقار میں اضافے کے لئے پوری محنت اور دیانتداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود الفرید ظفر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیورو انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد آصف بشیر، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ایم ایس ”پنز” ڈاکٹر عمر اسحاق و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعد ازاں مشیر صحت نے لاہور جنرل ہسپتال کے کمیٹی روم میں اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کی جہاں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اُنہیں تمام شعبوں کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی جی ایم آئی میں ریسرچ پر سالانہ ایک کروڑ روپے سے زائد خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے جبکہ جنرل ہسپتال میں گائنی، سرجری و دیگر شعبوں میں بھی لیپرو سکوپی کے ذریعے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں زیادہ دیر ہسپتال میں قیام نہ کرنا پڑے۔ مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے لاہور جنرل ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی لیپرو سکوپی کے استعمال پر پروفیسر الفرید ظفر کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے اجلاس کے شرکاءکو یقین دلایا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترومہ مریم نواز سے نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی سیٹیں 200سے بڑھا کر 300کرنے کی سفارش کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال اور ان کے بہترین استفادہ کے لئے مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ ہسپتالوں کو درپیش مسائل حل کر کے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے مزید کہا کہ ضلعی ہسپتالوں سے ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کی منتقلی کے لئے ریفرنس سسٹم کی مانیٹرنگ اور آڈٹ کا میکنزم بھی واضح کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مریض کو علاج معالجے کے سلسلے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام مریضوں کو یکساں طور پر بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔مشیر صحت نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں مریض آتے ہیں اور ان کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مزید سفارشات کی جائیں گی۔بعدازاں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے مشیر صحت کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
٭٭٭٭